آندھرا پردیش کے مفادات پر سونیا گاندھی کا وزیر اعظم کو مکتوب

آندھرا اور تلنگانہ کے ساتھ انصاف کیا جائے گا: وینکیا نائیڈو
حیدرآباد /4 جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش کے مفادات کے تعلق سے صدر کانگریس سونیا گاندھی کا مکتوب وزیر اعظم کو موصول ہوا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دس سال تک اقتدار پر رہنے والی کانگریس نے ریاست کی تقسیم کے معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ تین سال قبل ہی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی جانی چاہئے تھی، لیکن سیاسی مفادات کے لئے لمحۂ آخر میں نئی ریاست تشکیل دی گئی، جس کی وجہ سے دونوں ریاستوں کے عوام نے کانگریس کو سبق سکھایا ہے۔ اگر ریاست کی تقسیم کا کام تین سال قبل ہو جاتا تو اب تک کئی مسائل حل ہو گئے ہوتے۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی ترقی کے معاملے میں مرکزی حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، جس نے پہلے ہی دن آرڈیننس جاری کرتے ہوئے اپنی شفافیت کا ثبوت دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے لئے کئی چیلنجس ہیں، جن میں مالی خسارے پر قابو پانا، نئی راجدھانی کا قیام اور آندھرا کو مرکز سے خصوصی موقف کا حصول وغیرہ شامل ہیں، تاہم بی جے پی حکومت آندھرا پردیش سے مکمل تعاون کرے گی، کیونکہ ماضی میں ساری ترقی صرف حیدرآباد اس کے اطراف ہوئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پلاننگ کمیشن کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے اور بجٹ سیشن میں فنڈس کی منظوری کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بی جے پی ترقی کے معاملے میں جانبداری سے کام نہیں لے گی، آندھرا اور تلنگانہ کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تعلیمی انفراسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دے گی اور تمام چیلنجس کا سامنا کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کے لئے کام کرے گی۔