۔14 جنوری 2019 تک تعمیرات مکمل ، چیف منسٹر چندرا بابو کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے 14 جنوری 2019 تک غریب عوام کے لیے 10 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو جنگی خطوط پر تعمیری کاموں کو انجام دینے کی ہدایت دی ۔ سکریٹریٹ میں چیف منسٹر نے شہری و دیہی علاقوں میں مکانات کی تعمیرات کا جائزہ لیا ۔ اجلاس کے بعد وزیر امکنہ کے سرینواسلو نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک 1.30 لاکھ مکانات کی تعمیرات مکمل ہوگئی ہے ۔ 14 جنوری تک مزید ڈھائی لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ آئندہ سال 9 جون تک مزید 5 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کی چیف منسٹر نے ہدایت دی ہے ۔ مکانات کی تعمیرات کے بلز کی فوری اجرائی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ دونوں بھائیوں کے درمیان مشترکہ دیوار پر مکانات کی تعمیرات کے لیے بلز کی اجرائی میں جو تحدیدات تھی اس کو برخاست کردیا گیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ کپم ضلع چتور میں پہلی مرتبہ جی + 3 مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 100 کروڑ روپئے کے اس پراجکٹ کو چیف منسٹر نے منظوری دے دی ہے ۔ ایک مکان کی تعمیری لاگت 4.50 لاکھ روپئے ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں حکومت تین لاکھ روپئے تک سبسیڈی فراہم کرے گی ۔ 14 جنوری 2019 تک غریب عوام کے لیے 10 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔۔