آندھرا پردیش کے طلبہ میں بے پناہ صلاحیتیں

حکومت سے طلبہ کی ہمت افزائی کے لیے ہر ممکنہ کوشش ، چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش کے طلبہ میں دنیا کو فتح کرلینے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں ۔ حکومت طلبہ کے صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور اس سے بھر پور استفادہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی ۔ ادی کاوی ننیا یونیورسٹی میں تعمیر کئے جانے والے این ٹی آر کنونشن سنٹر کے سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو گورنر نرسمہن بھی موجود تھے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ 800 افراد کے بیٹھنے کے لیے کنونشن سنٹر کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انہیں بے حد خوشی ہورہی ہے ۔ یونیورسٹی میں طلبہ کا جوش و خروش دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنی تعلیمی دور کی یاددہانی کی اور کہا کہ تروپتی ایس وی یونیورسٹی میں وہ اور وشاکھا آندھرا یونیورسٹی سے وینکیا نائیڈو تعلیم حاصل کرچکے ہیں ۔ انہوں نے ہندوستان کو نوجوانوں کا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں عالمی ٹکنالوجی کی تلگو عوام قیادت کریں گے ۔ نامور ادارے میکرو سافٹ ، گوکل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرس کے عہدوں پر ہندوستانی فائز ہے ۔ آندھرا پردیش کے طلبہ میں جوش و خروش بھرنے کے لیے ’ پرتبھا ‘ ایوارڈس متعارف کرائے گئے ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش کو ترقی دینے کے معاملے میں نائب صدر جمہوریہ ونیکیا نائیڈو نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ وہ فی الحال سیاست سے دور ہیں مگر آندھرا پردیش سے بہت قریب ہیں ۔۔