آندھرا پردیش کے خلاف سازش کرنے والوں کو انتباہ

مرکز کی بی جے پی حکومت پر تنقید ، چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست آندھرا پردیش سے متعلق خواہ کوئی بھی سازشیں کرنے اور بری نظریں ڈالنے والوں کو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ سازشیں کرنے و بری نظریں ڈالنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔ مشرقی گوداوری ضلع کے املاپورم میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بی جے پی پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت ریاست آندھرا پردیش کے ساتھ شدید نا انصافی کی ہے اور کہا یہاں تک کہ بی جے پی حکومت تروملا تروپتی دیواستھانم کے تعلق سے سازش کررہی ہے ۔ ریاست کی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت ریاست کی ترقی کے لیے تعاون نہ بھی کرے تو آندھرا پردیش کی ترقی کسی صورت میں نہیں رکے گی ۔ اور نہ ہی بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کے رحم و کرم پر رہے گی ۔ کسی نہ کسی طریقہ کار کو اپناتے ہوئے ریاستی حکومت فنڈز اکھٹا کر کے ریاست آندھرا پردیش کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح دے گی ۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ ریاستی ترقی میں رکاوٹیں حائل کرنے والی اور ریاست کے ساتھ نا انصافی کرنے والی بی جے پی کے ساتھ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے خفیہ گٹھ جوڑ کرلیا ہے ۔ لہذا ریاستی مفادات کے خلاف اقدامات کرنے والی پارٹیوں کو بہتر سبق سکھانے کی ریاستی عوام سے اپیل کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ پر خرچ کردہ 3,500 کروڑ روپئے ابھی تک مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم نہیں کئے گئے اور الٹا پٹروکیمیکل کامپلکس کے قیام کے لیے ہم سے ہی رقم مانگ رہے ہیں ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی مفادات کے معاملہ میں کسی قسم کا مرکزی حکومت کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرے گی بلکہ ریاستی تلگو دیشم حکومت بی جے پی کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ جناسینا قائد پون کلیان کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پون کلیان جیسے قائد مجھ پر تنقیدیں کررہے ہیں اور بالخصوص بی جے پی کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کے بعد بی جے پی کے اشاروں پر پون کلیان کی تلگو دیشم حکومت پر تنقیدوں میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔۔