وعدہ سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا :وینکیا نائیڈو
نیلو ر30 اگست ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ مرکزی حکومت ‘ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے کی حامی ہے اور اس مطالبہ کی تکمیل کے راستوں کی تلاشی کا عمل جاری ہے جبکہ اس مسئلہ پر اپوزیشن جماعتیں اس ریاست میں احتجاج کررہی ہیں۔ وینکیا نائیڈو نے یہاں سورنا بھارت ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم اپنے الفاظ سے پیچھے نہیں ہٹیں ہیں امکانات پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے اور وعدے سے پیچھے ہٹنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ چندرا بابو نائیڈو یا کوئی اور کیونکر اس وعدہ سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں؟ ۔ ہم ہنوز آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے کے حق میں ہے‘‘ ۔ واضح رہے کہ ریاست کو خصوصی موقف دینے میں تاخیرکے خلاف وائی ایس آر کانگریس نے گذشتہ روز آندھرا پردیش بند منایا تھا ۔ سی پی آئی نے اس ماہ کے اوائل میں بند منظم کیا تھا جس کو کانگریس اور دیگر جماعتوں کی تائید حاصل تھی ۔ ایم وینکیا نائیڈو نے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے میں تاخیر کیلئے ماضی کی یو پی اے حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ کانگریس نے اس ضمن میں صحیح کام نہیں کیا تھا ۔