آندھرا پردیش کے تمام عازمین حج کے درخواستوں کا بغیر قرعہ کے انتخاب متوقع

2840 درخواستوں کی وصولی ، 78 درخواستوں سے دستاویزات کا عدم ادخال
حیدرآباد۔یکم۔جنوری(سیاست نیوز) آندھراپردیش میں حج 2018 ء کے تمام درخواست گزاروں کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آئے گا۔ جاریہ سال حج کے لئے آندھراپردیش میں کم درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور درخواستوں کی تعداد ریاست کے امکانی حج کوٹہ سے کم ہے۔ لہذا تمام درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر ہی منتخب قرار دیا جاسکتا ہے۔ حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ 1230 کور آن لائین داخل کئے گئے جن میں 2840 عازمین کے نام شامل ہیں۔ ان میں 1514 مرد اور 1326 خواتین ہیں۔ گزشتہ سال آندھراپردیش سے 3000 عازمین حج روانہ ہوئے تھے اور جاریہ سال بھی ریاست کا حج کوٹہ 3000 تک آسکتا ہے۔ ایسے میں 2840 عازمین حج کیلئے قرعہ اندازی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ حج کوٹہ سے زائد درخواستوں کی وصولی کی صورت میں قرعہ اندازی کی جاتی ہے۔ ریاست میں موصولہ درخواستوں میں اننت پور سے 395 ، چتور 322 ، مشرقی گوداوری 425 ، گنٹور 470 ، کڑپہ 332 ، کرشنا 238 ، کرنول 559 ، نیلور 164 ، پرکاشم 101 ، سریکا کولم 7 وشاکھا پٹنم 131 ، وجئے نگرم 28 اور مغربی گوداوری سے 48 درخواستیں شامل ہیں۔ آندھراپردیش حج کمیٹی نے صرف آن لائین درخواستوں کے ادخال کی اپیل کی تھی۔ کمیٹی کی جانب سے تحریری درخواستوں کے ادخال کا کوئی نظم نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں درخواستوں کی تعداد کم رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ 78 درخواست گزاروں نے اپنی دستاویزات حج کمیٹی کو داخل نہیں کی ہے۔ لہذا ان کے نام درخواست گزاروں کی فہرست میں شامل نہیں ہوں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے کوٹہ اور ڈرا کی تاریخ کا آئندہ ہفتہ اعلان کیا جائے گا۔