سنگین صورتحال کے وزراء اور ارکان ذمہ دار ہوں گے ، اے پی وائی ایس آر کانگریس کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے تلگو دیشم پارٹی کے ارکان اسمبلی ، وزراء کو غیر شائستہ الفاظ استعمال کرنے کے خلاف سخت انتباہ دیا اور اپنے طرز عمل کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ۔ بصورت دیگر کسی سنگین صورتحال پیدا ہونے پر اس کی راست ذمہ داری ریاستی وزراء و ارکان اسمبلی وغیرہ پر عائد ہوگی ۔ مسٹر وائی ویشویشور ریڈی سینئیر قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ تلگو دیشم قائدین ، وزراء اور ارکان اسمبلی جو الفاظ کا استعمال کررہے ہیں ۔ الفاظ کے استعمال سے قبل اپنی زبان کو قابو میں رکھ کر الفاظ استعمال کریں تو بہت مناسب رہے گا اور نچلی سطح تک گری ہوئی باتیں کرنے کے طریقہ کار سے احتراز کرنے کا پھر ایکبار مشورہ دیا ۔ انہوں نے پر زور الفاظ میں کہا کہ حکومت کی کوتاہیوں وناکامیوں اور بے قاعدگیوں وغیرہ کی نشاندہی کرنا اپوزیشن کا اہم فریضہ ہوتا ہے اور اس فریضہ کی بنیاد پر ہی وائی ایس آر کانگریس پارٹی حکومت کی غلط پالیسیوں ، غلط اقدامات کی پر زور مخالفت کررہی ہے لیکن برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی قائدین ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی وغیرہ اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی مخالفت اور تعمیری تجاویز کو نہ ہی برداشت کرپا رہے ہیں اور نہ ہی ہضم کر پارہے ہیں اور اپوزیشن کی تنقیدوں پر جھنجلاہٹ کے ذریعہ برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی قائدین ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی اپنا دماغی توازن کھوکر انتہائی گری ہوئی و غیر معیاری باتیں کررہے ہیں ۔ مسٹر ویشویشور ریڈی نے ریاست میں آبپاشی پراجکٹس کے تعلق سے حکومت کو اگر ہمت ہو تو فی الفور آبپاشی پراجکٹس کے انجام دیئے ہوئے کاموں کی تفصیلات پر مبنی ’ وائیٹ پیپر ‘ جاری کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا اور کہا کہ علاقہ رائلسیما میں جلایگنم کے تمام کام مکمل ہوچکے ہیں ۔ لہذا رائلسیما کے تعلق سے تلگو دیشم حکومت کو بات کرنے کا اخلاقی حق ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ متحدہ آندھرا پردیش ریاست میں برسر اقتدار رہنے پر مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو نے علاقہ رائلسیما کے لیے کیا اقدامات کئے تھے اور آج پانی حاصل کرنے کے حق سے محروم ہوجانے کی جو باتیں کی جارہی ہیں اس کے لیے مسٹر چندرا بابو نائیڈو ہی مکمل طور پر ذمہ دار ہیں ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے پر زور الفاظ میں کہا کہ ریاست کرناٹک میں آبپاشی پراجکٹس مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت متحدہ ریاست آندھرا پردیش حکومت میں انجام پائے گئے لیکن تب مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ان پراجکٹس کے کاموں کو روکنے کی نہ ہی کوئی کوشش کی اور نہ ہی کوئی آواز اٹھائی لیکن آج اقتدار حاصل کر کے اپوزیشن جماعتوں کو اپنی تنقیدوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ جس پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔۔