۔۔1711 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادیں ، 4 اپریل کو اسکریننگ ٹسٹ مقرر
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش میں پائی جانے والی 14 یونیورسٹیوں میں ایک طویل عرصہ کے بعد اسسٹنٹ پروفیسرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لیے راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور اس سلسلہ میں تقررات کے عمل سے متعلق رہنمایانہ خطوط مرتب کر کے لائحہ عمل کو قطعیت دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاست کی یونیورسٹیوں میں جملہ 1711 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادیں مخلوعہ پائی جارہی ہیں اور ان جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لیے آئندہ ماہ 9 تا 13 اپریل تک اسکریننگ ٹسٹس ( امتحانات ) منعقد کئے جائیں گے ۔ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کا عمل مکمل کیا جائے گا ۔ وزیر نے کہا کہ ان مخلوعہ جائیدادوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ ایک جائیداد کے لیے 69 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جس کے پیش نظر ہی اسکریننگ ٹسٹس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر جی سرینواس راؤ نے مزید کہا کہ ریاست کی یونیورسٹیوں میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادیں مخلوعہ پائی جانے کا راگھولو کمیٹی رپورٹ میں اظہار کیا گیا ۔ ان جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لیے کمیشن دو مرحلوں میں اسکریننگ ٹسٹس منعقد کرے گی اور اس اسکریننگ ٹسٹ کے لیے جملہ 76356 امیدواروں نے اپنی درخواستیں پیش کی ہیں ۔ اسکریننگ ٹسٹ کے لیے بشمول حیدرآباد ، اننت پور ، گنٹور ، کڑپہ ، کرنول ، نیلور ، راجہ مہیندرا ورم (راجمندری ) ، سریکاکلم ، تروپتی ، وجئے واڑہ ، وشاکھا پٹنم میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں اور اس اسکریننگ ٹسٹ کے لیے جاریہ ماہ 25 مارچ سے امیدوار اپنے ہال ٹکٹس ویب سائیٹ کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں ۔۔