آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی کا آج اعلان

حیدرآباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو توقع ہے کہ کل یعنی 4ستمبر کو آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی میں 12بجکر17منٹ پر آندھرا پردیش ریاست کی نئی راجدھانی سے متعلق اعلان کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اسمبلی میں آندھرا پردیش ریاست کی نئی راجدھانی کے مسئلہ پر مباحث کا مطالبہ کیا لیکن مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے قائد اپوزیشن مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے 4ستمبر کو دوپہر میں نئی راجدھانی کے تعلق سے اپنا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش ریاست کی نئی راجدھانی کا انتخاب کرنے تجاویز پیش کرنے سے متعلق شیوا راما کرشنن کی قیادت میں مرکزی حکومت نے کمیٹی تشکیل دی تھی اور شیوا راما کرشنن کمیٹی کی جانب سے مرکزی حکومت کو اپنی پیش کردہ رپورٹ کی روشنی میں آندھرا پردیش کابینہ نے اس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا

اور چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو مقام کا انتخاب کرنے کیلئے مکمل اختیارات حوالہ کئے اور کابینی رفقاء کے اس اقدام کے بعد ہی چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی سخت مخالفت کو بھی نظر انداز کرتے ہوئے ریاست آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی کے مقام کا اعلان کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپنے اعلان سے قبل کہاں اور کس نوعیت کی سہولیات فراہم ہیںاس پر بھی اظہار خیال کریں گے۔ساتھ ہی ساتھ شہروں و دیہی علاقوں بشمول بلدیات شعبہ تعلیم، طبی سہولتوں کی فراہمی وغیرہ پر اضلاع کی اساس پر چیف منسٹر آندھرا پردیش اپنے موقف کو واضح کریں گے اور ایوان کو اس بات کی طمانیت دینے کی کوشش کریں گے کہ وہ کس طرح رائلسیما اور آندھرا ئی اضلاع کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں گے۔