آندھرا پردیش کی خاتون وزیر تنازعہ میں پھنس گئیں مکان سے 10لاکھ روپئے پر مشتمل بیاگ دستیاب

حیدرآباد۔ /3جون، ( این ایس ایس ) تلگودیشم پارٹی نوٹ برائے ووٹ اسکام میں اپنے ایک رکن اسمبلی ریونت ریڈی کی گرفتاری کے صدمہ سے باہر نکل بھی نہیں آئی تھی کہ ضلع مغربی گوداوری میں آندھرا پردیش کی ایک خاتون وزیر پیتلا سجاتا کے مکان میں 10لاکھ روپئے کی رقم سے بھرا ہوا ایک بیاگ ( تھیلا ) دستیاب ہونے پر ایک اور تنازعہ میں پھنس گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزیر کے گھریلو ملازمین نے مکان کے احاطہ میں ایک پراسرار بیاگ دیکھ کر ان کے والد کو مطلع کیا۔ انہوں نے پولیس کو اطلاع دیتے ہی وہاں پہنچ کر 10لاکھ روپئے پر مشتمل ایک بیاگ اور تعلیمی سرٹیفکیٹس اور ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی کا ہال ٹکٹ ضبط کرلیا جوکہ ایک خاتون امیدوار کا ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر پی سجاتا نے بتایا کہ وہ اس واقعہ کے وقت مکان میں موجود نہیں تھیں اور 10لاکھ روپئے کا بیاگ پائے جانے پر پولیس کو اطلاع دے دی گئی۔ اگرچیکہ پولیس نے اس معاملہ میں ایک ریٹائرڈ ٹیچرس وشنووتی کو حراست میں لے لیا ہے جس نے بتایا کہ ایک رشتہ دار کی شادی کے سلسلہ میں یہ رقم بینک سے نکال کر ریاستی وزیر کے والد سے ملاقات کیلئے گئی تھی لیکن انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ ایک لڑکی کا ڈی ایس سی ہال ٹکٹ اور تعلیمی سرٹیفکیٹس بیاگ میں کیوں رکھا تھا۔ جس کے باعث یہ شبہ پیدا ہوگیا کہ اساتذہ کے تقررات کے سلسلہ میں ریاستی وزیر کو رشوت دینے کی کوشش کی گئی تھی۔

میگی نوڈلس کے خلاف شکایت کی جانچ
حیدرآباد۔/3جون، ( سیاست نیوز) اب جبکہ ملک بھر میں میگی نوڈلس کا معیار شک کے دائرہ میں آگیا ، شہر حیدرآباد میں اس غذائی اشیاء کو جانچ کیلئے لیباریٹری روانہ کردیا گیا ہے تاکہ حد سے زیادہ منو سوڈیم گلٹومیٹ اور سیسہ کی ملاوٹ سے متعلق شکایت کا پتہ چلایا جاسکے۔ مسٹر کے امریندر ریڈی ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پروینٹیو میڈیسن نے بتایا کہ ریاست بھر سے میگی نوڈلس کے22نمونے حاصل کئے گئے اور مضر صحت کیمیائی اجزاء کی مقدار کا پتہ چلانے کیلئے جانچ کروائی جارہی ہے۔ توقع ہے کہ اندرون دو ہفتے یہ رپورٹ موصول ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل فوڈ سیفٹی کی ہدایت پر ملک گیر مہم کے سلسلہ میں یہ کارروائی کی گئی ہے۔