تلنگانہ این جی اوز قائدین کی مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات
حیدرآباد۔/27نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ این جی اوز کے قائدین نے ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ جتندر ریڈی کے ہمراہ آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ انہوں نے آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد ملازمین کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کرنے کی اپیل کی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میں واقع اے پی این جی اوز بھون میں 42فیصد حصہ تلنگانہ کو الاٹ کرنے کی اپیل کی۔ وفد نے الزام عائد کیا کہ اسوسی ایشن کے اکاؤنٹ میں موجود 18کروڑ روپئے اے پی این جی اوز کے صدر اشوک بابو اور دیگر عہدیداروں نے حاصل کرلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملازمین کے بارے میں اشوک بابو مخالف مہم چلا رہے ہیں۔ جتندر ریڈی نے مرکزی وزیر داخلہ سے اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے تلنگانہ ملازمین کے ساتھ انصاف کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا سرویسیس اور ریاستی سطح کے ملازمین کی تقسیم میں تاخیر کے سبب حکومت کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے انتخابی وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے کئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے۔ ملازمین کی کمی اور اعلیٰ عہدیداروں کو ایک سے زائد محکمہ جات کی ذمہ داری کے سبب اسکیمات پر عمل آوری میں حکومت کو دشواری پیش آرہی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ضروری کارروائی کریں گے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں واقع اے پی این جی اوز بھون پر آندھرا پردیش کے ملازمین نے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ حالیہ عرصہ میں اس مسئلہ پر دونوں ریاستوں کے ملازمین اور ان کے نمائندوں کے درمیان ٹکراؤ کی نوبت آگئی تھی۔