آندھرا پردیش کی بندرگاہوں کو ترقی دینے عنقریب پالیسی

وشاکھاپٹنم۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ان کی حکومت ایک ماہ کے اندر میری ٹائم پالیسی کا اعلان کرے گی تاکہ ریاست کی بندرگاہوں کو معاشی طور پر ترقی دی جاسکے۔ ایسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جس کی وجہ سے بندرگاہوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ چندا بابو نائیڈو نے شہر میں سی ای او کے کانکلیو کے موقع پر اخباری نمائندوں سے کہا کہ ان کی حکومت بندرگاہوں کو ترقی دینے کی پرزور حامی ہے۔ ریاست آندھرا پردیش کی 950 کیلو میٹر طویل ساحلی پٹی ہے اور یہاں پر بندرگاہوں کو ترقی دینے سے سریکاکلم ضلع سے ضلع نیلور میں دگراجو پٹنم تک پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعہ ترقی دی جاسکے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت آندھرا پردیش کی صنعتی ترقی پر بھی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ اس کا مقصد سال 2022 تک آندھرا پردیش کو ملک کی 3سرفہرست ریاستوں میں شامل کیا جائے۔ ان کی ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ دار دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت صنعتوں کے قیام کیلئے صنعتکاروں کو تین ہفتے میں لائسنس جاری کرے گی۔