سال 2010 -11 کے مرکزی سیلس ٹیکس معاوضہ کی پابجائی : وائی رام کرشنوڈو
حیدرآباد 30 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کو سال 2010 -11 کیلئے مرکزی سیلس ٹیکس کے معاوضہ کے طور پر 7,000 کروڑ روپئے جاری کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ ریاست کے وزیر فینانس مسٹر وائی رام کرشنوڈو نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو انہوں نے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے رجوع کیا تھا اور مسٹر جیٹلی نے یہ تیقن دیا ہے کہ اس رقم کو ماہ فبروری تک جاری کردیا جائیگا ۔ مرکزی حکومت کو سال 2010 – 11 میں مرکزی سیلس ٹیکس کے تحت غیر منقسم آندھرا پردیش ریاست کو جملہ 13,000 کروڑ روپئے جاری کرنے ہیں جن میں آندھرا پردیش ریاست کا حصہ 7,000 کروڑ کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سال 2010 – 11 کے معاوضہ کے طور پر پہلے 1,300 کروڑ روپئے کی رقم آندھرا پردیش اور تلنگانہ کیلئے ماہ فبروری تک جاری کریگی اور مابقی رقم کی اجرائی مرکزی بجٹ کے بعد عمل میں آئیگی ۔ آندھرا پردیش کا ادعا ہے کہ تقسیم ریاست کی وجہ سے اسے جملہ 16,000 کروڑ روپئے کے مالیہ نقصان کا سامنا ہوا ہے ۔ اس تعلق سے استفسار پر مسٹر رام کرشنوڈو نے کہا کہ مسٹر جیٹلی نے وعدہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے مطابق کارروائی کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے مرکز نے کوئی واضح تیقن نہیں دیا ہے کیونکہ اس تعلق سے از سر نو کارروائی کرنی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے پر غور کر رہی ہے ۔ اس کے علاوہ تقسیم کے وقت جو وعدے مرکز نے کئے تھے ان کے مطابق ریاست کو دیگر مراعات بھی دی جاسکتی ہیں۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون 2014 میں ان مراعات کا وعدہ کیا گیا ہے ۔