آندھرا پردیش کو سنہری ریاست میں تبدیل کرنے چندرا بابو میں صلاحیت

کانگریس کے سابق وزیر فینانس انم رام نارائن کی جانب سے پھر ایک مرتبہ ستائشی بیان
حیدرآباد /8 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق ریاستی وزیر فینانس اے رام نارائن ریڈی نے پھر ایک بار چیف منسٹر آندھرا پردیش کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کے تعاون کے بغیر بھی چندرا بابو نائیڈو اپنی صلاحیتوں اور تجربات سے ریاست کو سنہرے آندھرا پردیش میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ غیر منقسم ریاست میں وزیر فینانس کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے رام نارائن ریڈی نے چندرا بابو نائیڈو کی تعریف کرتے ہوئے نائیڈو کے خلاف احتجاجی مہم شروع کرنے والی آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کو حیرت زدہ کردیا۔ انھوں نے کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے معاملے میں اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تقسیم سے آندھرا پردیش کو مالی بحران کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے قرض معافی کے معاملے میں تھوڑی تاخیر ہوسکتی ہے، تاہم چیف منسٹر آندھرا پردیش اپنے وعدہ پر اٹل ہیں اور وہ قرضہ جات ضرور معاف کریں گے۔ اگر مرکزی حکومت اس معاملے میں تعاون نہ بھی کرے تو وہ اپنے بل بوتے پر وعدہ کو نبھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لئے چندرا بابو نائیڈو موزوں شخصیت ہیں، ان کی صلاحیتوں اور تجربہ سے آندھرا پردیش کی تیز رفتار ترقی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس مل جل کر مسائل حل کرسکتے ہیں، جب کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر، مسٹر نائیڈو کے شاگرد ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آندھرا پردیش کے طلبہ کو سوتیلے بچوں کی طرح دیکھنا نامناسب ہے۔