نئی دہلی میں انڈیا اکنامک سمٹ سے چندرا بابونائیڈو کا خطاب
نئی دہلی۔/6نومبر، ( پی ٹی آئی) ریاست آندھرا پردیش کو سرمایہ کاری کیلئے ایک انتہائی موزوں مقام بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہاکہ حکومت ریاست میں ایک پٹرو کیمیکل کاریڈور، الیکٹرانک ہارڈ ویر مینو فیکچرنگ اور آٹو موبائیل ہب کے قیام کیلئے پُراعتماد ہے۔ یہاں ( نئی دہلی میں ) انڈیا اکنامک سمٹ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ہم پھر سے تعمیر کریں گے۔ ہر چیز ہوگی کیونکہ آندھرا پردیش میں کافی مواقع ہیں۔ ہم انتہائی موزوں مقام بنائیں گے۔ یہ پوچھنے پر کہ انہوں نے تقسیم کے بعد ریاست میں صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے کس طرح منصوبہ بنایا ہے جبکہ حیدرآباد کے قریب واقع کئی آئی ٹی انڈسٹریز تلنگانہ میں جاچکے ہیں، چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حکومت پھر سے ریاست کے انڈسٹریل فارچنس کو تعمیر کرنے میں پُراعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نہ صرف آئی ٹی بلکہ الیکٹرانک ہارڈ ویر مینوفیکچرنگ، آٹو موبائیل، اگرو۔ پروسسنگ، پٹرو کیمکلس ہب وجود میں آئیں گے، ہر چیز آئے گی۔ قبل ازیں ایک سیشن سے مخاطب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو جنہوں نے دس سال کے وقفہ کے بعد جنوبی ریاست کی پھر باگ ڈور سنبھالی ہے، کہا کہ حکومت 24/7برقی، پانی اور تیز تر منظوریوں کو یقینی بنائے گی۔ آندھرا پردیش میں 1000کلو میٹر ساحلی پٹی ہے جو کسی دوسری ریاست میں اس قدر بڑی ساحلی پٹی نہیں ہے۔ مشرقی ساحل پر ہمارے یہاں 4بندرگاہیں ہیں اور ہم مزید 10پورٹس کو فروع دے رہے ہیں۔ اس طرح ہم آندھرا پردیش کو ہندوستان کا گیٹ وے بنانا چاہتے ہیں۔