15 ستمبر سے گنٹور میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے جگن موہن ریڈی کا اعلان
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن آندھراپردیش و صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی نے آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے مرکزی حکومت کو 13 دن کی مہلت دی ہے۔ بصورت دیگر 15 ستمبر سے گنٹور میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جگن موہن ریڈی نے آج شام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ حاصل کرنے تک وائی ایس آر کانگریس جدوجہد جاری رکھے گی۔ انھوں نے کہاکہ جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر تمام قائدین کی جانب سے مرکز پر دباؤ ڈالنے سے ہی آندھراپردیش کو خصوصی درجہ حاصل ہوگا۔ مرکزی حکومت اپنے وعدے کو نبھانے میں ٹال مٹول کررہی ہے اور تلگودیشم حکومت بھی اس معاملہ میں سنجیدہ نہیں ہے۔ آج اسمبلی میں تلگودیشم کی سنجیدگی ظاہر ہوگئی ہے۔ چیف منسٹر ‘مرکزی حکومت سے ریاست کو خصوصی درجہ حاصل کرنے کے بجائے پیاکیج حاصل کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس نے دہلی میں احتجاج کیا اور 2 دن قبل آندھراپردیش بند منظم کیا۔ اگر مرکز اندرون13 یوم آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دے گی تو وہ 15 ستمبرت سے گنٹور میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گے۔ جگن نے کہاکہ تلگودیشم مرکزی کابینہ سے دستبردار ہو کر مرکزی حکومت پر دباؤ بنائے تبھی مرکزی حکومت وعدے پر عمل کریگی۔ انھوں نے کہاکہ وائی ایس آر کانگریس اس معاملے میں ذمہ دارانہ رول ادا کررہی ہے جبکہ تلگودیشم اور بی جے پی کے قائدین غیر ذمہ دارانہ بیانات جاری کرکے عوام کو مایوس کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اے پی کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے نوجوان خودکشی کررہے ہیں مگر اسمبلی میں پیش کردہ قرارداد میں ان نوجوانوں کا نام لینا بھی گوارہ نہیں کیا گیا۔ تلگودیشم اور بی جے پی کے قائدین اپنے وعدوں کو فراموش کرکے عوامی جذبات کو نظرانداز کررہے ہیں اور باہمی تعریف میں وقت ضائع کررہے ہیں۔