آندھرا پردیش کو خصوصی موقف ،ریاست کا حق

خصوصی موقف عطا کرنے مرکز کا تہیہ ، مرکزی وزیر نرملا سیتا رامن کا بیان
وجئے واڑہ۔ 26 اپریل (این ایس ایس) مرکزی وزیر مملکت برائے کامرس اینڈ انڈسٹری نرملا سیتا رامن نے آج کہا کہ خصوصی موقف ریاست آندھرا پردیش کا حق ہے۔ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اے پی کو خصوصی موقف عطا کرنے کا تہیہ کیا ہے تاہم اس کے لئے مزید کچھ وقت درکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے 500 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ یہ کہتے ہوئے کہ ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف عطا کرنے کے لئے وہ بھی مرکز پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ نرملا سیتا رامن نے کہا کہ وجئے واڑہ میں جلد ہی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ڈیزائن قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن دھن اسکیم کے تحت 14.5 کروڑ بینک اکاؤنٹس مختلف بینکس میں کھولے گئے اور عوام کی جانب سے ان اکاؤنٹس میں 14,000 کروڑ روپئے جمع کئے گئے۔ فی الوقت ملک میں دو این آئی ڈی ہیں جو احمدآباد اور بنگلور میں ہیں۔ اس نئے انسٹیٹیوٹ میں کلاسیس کا آغاز اس تعلیمی سال سے عارضی طور پر آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی کے کیمپس میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وجئے واڑہ میں قائم کئے جانے والے این آئی ڈی میں داخلوں کیلئے انٹرنس امتحان منعقد کرنے کی ذمہ داری آل انڈیا مینجمنٹ اسوسی ایشن دہلی کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت کے عہدیدار اس نئے انسٹیٹیوٹ کی عمارت کی تعمیر کیلئے جگہ تلاش کررہے ہیں اور جلد ہی اس انسٹیٹیوٹ کی عمارت کی تعمیر شروع ہوگی۔