صدر کل ہند کانگریس شریمتی سونیا گاندھی کا وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب
حیدرآباد /20 فروری (سیاست نیوز) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے تقسیم ریاست بل کی منظوری کے وقت کئے گئے وعدوں کے مطابق آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا موقف دینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ راجیہ سبھا میں آج تقسیم ریاست کا بل منظور ہوکر ایک سال مکمل ہوا ہے۔ اس موقع پر صدر آندھرا پردیش کانگریس این رگھوویرا ریڈی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے تقسیم ریاست بل میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے اور مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے ایک کروڑ دستخطیں حاصل کرنے کی مہم سے انھیں واقف کرایا۔ اس دوران سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس مسئلہ کو اٹھانے اور آندھرا پردیش کو انصاف دلانے کا تیقن دیا۔ سونیا گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو اپنے مکتوب کے ذریعہ یاد دلایا کہ تقسیم ریاست کے موقع پر آندھرا پردیش سے جو وعدے کئے گئے ہیں، انھیں پورا کیا جانا چاہئے اور آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے علاوہ خصوصی معاشی پیکیج بھی دیا جائے اور ریاست کو ٹیکس سے استثناء قرار دیا جائے۔ انھوں نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ تقسیم ریاست کے بل میں یو پی اے حکومت نے جو وعدے کئے تھے، انھیں پورا کرنے میں این ڈی اے حکومت ناکام ہے۔ اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے راجیہ سبھا میں جو وعدے کئے تھے، ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا گیا۔ انھوں نے بجٹ کی تیاری کے موقع پر آندھرا پردیش کے لئے خصوصی فنڈس منظور کرنے اور ریلوے بجٹ میں آندھرا پردیش سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسز گاندھی نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے آندھرا پردیش کے خصوصی موقف کو کابینہ کے علاوہ دونوں ایوانوں میں بھی منظور کرایا تھا، جب کہ اپوزیشن کا رول ادا کرنے والی بی جے پی نے اس بل کی بھرپور حمایت کی تھی۔ انھوں نے یاد دلایا کہ راجیہ سبھا میں یو پی اے حکومت نے آندھرا پردیش کو 5 سال تک خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اس وقت وینکیا نائیڈو نے مداخلت کرتے ہوئے 10 سال تک خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انھوں نے اپنے مکتوب میں زور دیا کہ صدر جمہوریہ کی جانب سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کی جانے والی تقریر میں آندھرا پردیش سے کئے گئے وعدوں کو شامل کیا جائے اور مرکز کی مختلف وزارتوں کو خصوصی پیکیج کے بارے میں خصوصی ہدایت دی جائے۔ واضح رہے کہ سونیا گاندھی کے اس مکتوب کو آندھرا پردیش کانگریس نے آج میڈیا کے لئے جاری کیا۔