حیدرآباد۔/18فبروری، ( پی ٹی آئی) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کل اپنی حکومت کے اہم پروگرام ’ نیرو چٹو‘ کا آغاز کریں گے۔ اس پروگرام کا مقصد آندھرا پردیش ریاست کو خشک سالی سے پاک بنانا ہے۔ ضلع چتور کے ٹمپلا پلی موضع میں اس پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو اسے عوامی تحریک سے مربوط کریں گے۔اس موقع پر کابینی وزراء، ضلع کلکٹرس نوڈل آفیسرس بھی ضلع اور منڈل سطح پر بیک وقت پروگرام کا آغاز کریں گے۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ نیرو چٹو‘ پروگرام کے ذریعہ حکومت ریاست آندھرا پردیش کو خشک سالی سے پاک بنانا چاہتی ہے۔ اس مقصد کیلئے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں صد فیصد آبپاشی پراجکٹس کو فروغ دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے مقاصد میں موجودہ آبی ذخائر کو بہتر بنانا اور نئے آبی ذخائر کی تعمیر، ریموٹ سینسنگ اور جیو ٹیاگنگ ٹکنالوجی استعمال وغیرہ شامل ہے۔ حکومت آندھرا پردیش زیر زمین پانی کو بہتر بنانے کیلئے شجر کاری پر توجہ مرکوزکررہی ہے۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ کے ذریعہ پانی کے دستیاب وسائل کو محفوظ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آبپاشی، دیہی ترقی، میونسپل اڈمنسٹریشن، فاریسٹ اور دیگر محکمہ جات سے مربوط کاموں کو بخوبی انجام دیں۔ ضلع عہدیداروں کو چاہیئے کہ اس شعبہ کے ماہرین خاص کر ریٹائرڈ انجینئرس اور دیگر ماہرین سے مشاورت کریں۔