آندھرا پردیش کو جاپانی سرمایہ کاری کیلئے منزل بنانے پر زور

جاپانی پراجکٹس کے لیے بھر پور تعاون کا تیقن ، سمینار سے چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش میں جاپانی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ جاپانیوں کے لیے ریاست میں انڈسٹرئیل ٹاون شپس اور کلسٹرس قائم کرنے کا منصوبہ ہے ۔ آج یہاں ’ آندھرا پردیش میں اسمارٹ کمیونٹی کے لیے ٹکنالوجی تعاون کو وسعت دینا ‘ کے زیر عنوان ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان باہمی دوستانہ تعلقات ہیں اور وہ بزنس کو وسعت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش کو جاپان کی سرمایہ کاری کے لیے ایک منزل بنائیں ۔ اے پی کے نئے دارالحکومت میں ایک اور ٹوکیو بنائیں ۔ جہاں آپ کے لیے کئی مواقع ہیں ۔ میں چاہتا ہوں کہ بزنس انتہائی موثر انداز میں فروغ پائے ۔ اس کے لیے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ تیز تر منظوری ، بہتر انفراسٹرکچر اور اچھی حکمرانی ، شفاف حکومت کے ذریعہ بزنس کو آسان بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف جاپان پر توجہ دے رہا ہوں ۔ اس کا سبب صاف ظاہر ہے ۔ ہم کو سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔ ہندوستان تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ جاپان ، آپ کے ہاں ٹکنالوجی ہے اور آپ کے پاس کافی سرمایہ بھی ہے اور آپ کو مارکٹس کی ضرورت ہے ۔ آپ نے چین اور دوسرے ممالک میں تجربہ کو دیکھا ہوگا ۔ ہندوستان میں جمہوریت ہے اور بہت بڑی زمین ہے اور ہندوستان دو عددی شرح ترقی کی سمت تیزی سے گامزن ہے ۔ چندرابابو نائیڈو نے کہا ’’ہم دس لاکھ ایکڑ اراضی کے لیے لینڈ بنک قائم کررہے ہیں ۔ اور ریاست میں 24×7 برقی ، صنعتوں کے لیے خاطر خواہ پانی کی فراہمی ، عالمی معیار کا انفراسٹرکچر ، سڑکیں اور بندرگاہیں ہیں اور ہم نے انڈسٹرئیل انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کا تہیہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر شعبہ اور ہر پراجکٹ کے لیے مقررہ وقت میں انجام دئیے جانے والے پروگرامس بنارہے ہیں اور کہا کہ صنعتوں کے لیے 21 دن میں تمام اجازت دی جائے گی اور میگا پراجکٹس کے لیے دوبدو بات چیت کے بعد یہ اجازت دی جائے گی ۔ اس میں پوری طرح تعاون ہوگا ۔ ہمارے عوام جاپان کی سرمایہ کاری کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کررہے ہیں ۔ جب آپ پراجکٹ شروع کردیں گے تو اس کے مکمل ہونے تک میں آپ کے ساتھ رہوں گا ۔ میں آپ سے کہہ رہا ہوں کہ اس کے لیے آگے آئیں اور ہم آپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے ۔ میں آپ کو میری اور میری ٹیم کی طرف سے یہ یقین دلاتا ہوں ۔۔