آندھرا پردیش کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے مسلسل جدوجہد

اونگول میں چندرا بابو نائیڈو کی جنا چیتنیہ یاترا کا آغاز ۔ صدر تلگودیشم پارٹی کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھراپردیش چندرابابو نائیڈو نے ادعا کیاکہ ریاست کی تقسیم سے نقصانات سے دوچار آندھراپردیش کو جہد مسلسل کے ذریعہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا جارہا ہے۔ ضلع پرکاشم کے اونگول منڈل کے موضع کوپول میں تلگودیشم کی جنا چیتنیہ یاترا کا آغاز کرنے کے بعد پارٹی قائدین و کارکنوں سے خطاب میں نائیڈو نے کہاکہ غربت سے پاک سماج کو دیکھنا ان کی زندگی کا اہم مقصد ہے جس کی وجہ سے غریبوں کی فلاح و بہبود کی اسکیمات کو روبہ عمل لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آندھراپردیش میں حکومت نے کسانوں کو وقت پر زرعی کھاد فراہم کرنے، تخم سربراہ کرنے کے مؤثر اقدامات کررہی ہے اور تاریخ میں کوئی مثال نہ پائی جانے جیسے کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کے احکامات حوالے کئے گئے۔ مسٹر نائیڈو نے الزام عائد کیاکہ ریاست کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات میں بعض طاقتیں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے اور حکومت کے خلاف غیر ضروری تنقیدوں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر مسٹر نائیڈو نے خواتین کے ذریعہ پارٹی کی رکنیت سازی کروائی اور ان سے حکومت کی فلاح و بہبودی پروگرامس و اسکیمات سے متعلق دریافت کیا ۔ صدر تلگودیشم نے کہا کہ ٹی ڈی پی کی رکنیت سازی کے سلسلہ میں عوام کے جوش و خروش سے بڑی خوشی ہورہی ہے اور اس طرح کا عوامی ردعمل پارٹی کی رکنیت سازی کے سلسلہ میں سابق میں بھی کبھی نہیں پایا گیا۔ انھوں نے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ عوام سے اس بات کی خواہش کی کہ اس جنا چیتنیہ یاترا کو کامیاب بناتے ہوئے حکومت کی فلاح و بہبودی پروگراموں و اسکیمات سے عوام کو واقف کرواتے ہوئے ان پروگراموں و اسکیمات کے فوائد کو نچلی سطح تک پہنچانے پر اولین ترجیح دیں۔