چیف منسٹر چندرا بابو صدارت کریں گے ، اسکیمات اور اقدامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے ضلع کلکٹروں کی ایک اہم کانفرنس 26 جون کو وجئے واڑہ میں چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں منعقد ہوگی اور بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹروں کی اس کانفرنس میں حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے روبہ عمل لائے جانے والے ترقیاتی پروگراموں و اسکیمات کے علاوہ بالخصوص فلاح و بہبودی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لئیے جانے کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس ضلع کلکٹروں کی کانفرنس میں ہی چندرا بابو نائیڈو علحدہ علحدہ طور پر اضلاع میں روبہ عمل لائے جانے والے فلاح و بہبودی اقدامات کا متعلقہ ضلع کلکٹر کے ساتھ تفصیلی جائزہ بھی لیں گے تاکہ کسی وجہ سے ضلع کلکٹروں کو درپیش بعض مسائل کے پیش نظر وہ کانفرنس میں واضح طور پر اپنا اظہار خیال کرنے کے موقف میں نہ رہنے کے باعث ان سے علحدہ طور پر بات چیت کر کے ان مسائل کی یکسوئی کے لیے ضروری ہدایات دے سکیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹروں کی کانفرنس میں چیف سکریٹری آندھرا پردیش مسٹر آئی وائی آر کرشنا راؤ ، مشیر حکومت آندھرا پردیش مسٹر پی پربھاکر راو کے علاوہ تمام وزراء ، تمام پرنسپال سکریٹریز و سکریٹریز حکومت آندھرا پردیش کے علاوہ صدور محکمہ جات کے علاوہ متعلقہ اعلیٰ عہدیدار بھی شریک رہیں گے ۔۔