آندھرا پردیش کابینہ میں این لوکیش کی شمولیت یقینی

آج توسیع اور رد و بدل کا امکان ۔ نئے چہروں میںچاند باشاہ کی شمولیت متوقع
حیدرآباد یکم اپریل ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کابینہ میں توسیع و وزراء کی حلف برداری تقریب کیلئے ویلگاپوڈی سکریٹریٹ میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ توقع کی جاتی ہے کہ کل 2 اپریل کو صبح 9 بجکر 22 منٹ پر وزراء کی حلف برداری تقریب منعقد ہوگی ۔ گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نئے وزراء کو عہدے رازداری کا حلف دلائیں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق ریاستی کابینہ میں رد و بدل کے ایک حصہ کے طور پر چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو دستیاب سینئیر وزراء سے تبادلہ خیال کرنے میں مصروف ہیں اور مسٹر نائیڈو اپنے کابینی رفقاء کو کن حالات میں کن کن کو کابینہ سے علحدہ کیا جائے گا ہر طریقہ سے واقف کرواتے ہوئے حالات کو ہموار بنالینے کوشاں ہیں ۔ تمام وزراء کے ساتھ تبادلہ خیال مکمل ہونے کے بعد وزراء کی شمولیت اور علحدگی سے متعلق قطعی فہرست چیف منسٹر گورنر کو روانہ کریں گے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آندھرا پردیش
کابینہ میں چندرا بابو نائیڈو کے فرزند جنرل سکریٹری تلگو دیشم این لوکیش نائیڈو کی شمولیت یقینی ہے ۔ وہ کل بحیثیت وزیر حلف لیں گے ۔ اس صورتحال میں چندرا بابو نائیڈو اور بالا کرشنا کے افراد خاندان بشمول مسٹر نائیڈو کی اہلیہ بھوونیشوری ، لوکیش اور اہلیہ برہمنی اور فرزند دیوانش کے علاوہ بالا کرشنا کے افراد خاندان چیف منسٹر کی قیام گاہ پہونچ چکے ہیں ۔ اسی دوران باوثوق ذرائع کے مطابق آندھرا پردیش کابینہ میں توسیع و رد و بدل کی روشنی میں موجودہ کابینہ کے پانچ وزراء کی علحدگی یقینی ہے ۔ جن میں پی رگھوناتھ ریڈی ، بی گوپال کرشنا ریڈی ، آر کشور بابو ، شریمتی بی سجاتا اور شریمتی کے مرونالنی متوقع ہیں ۔ رد و بدل و توسیع کے ذریعہ متوقع نئے وزراء میں مسرس ین لوکیش ( چتور ) ، کلا وینکٹ راؤ ( سریکاکلم ) ، ایس رنگاراؤ ( وجیا نگرم ) ، جواہر ( مشرقی گوداوری ) ین آنند بابو ( گنٹور ) ، ایس چندرا موہن ریڈی ( نیلور ) ، امرناتھ ریڈی ( چتور ) ، آدی نارائنا ریڈی ( کڑپہ ) کے سرینواسلو ( اننت پور ) بی اکھیلا پریا ( کرنول ) کے علاوہ مسٹر چاند باشاہ ( اننت پور ) شامل ہیں ۔