آندھرا پردیش و تلنگانہ میں مسائل کی یکسوئی کیلئے نوڈل آفیسر کا تقرر

وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا اتفاق ۔ اڈیشنل سکریٹری اے کے سنگھ کاٹیم کے ساتھ آج دورہ حیدرآباد
نئی دہلی 19 مارچ ( سیاست نیوز ) مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے مابین تعاون و اشتراک کیلئے وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کو متعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تنظیم جدید آندھرا پردیش قانون میں فراہم کردہ گنجائشوں پر بسرعت عمل آوری کو یقینی بنایا جائے ۔ یہ فیصلہ آندھرا پردیش بی جے پی کے قائدین کی مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے آج ملاقات کے بعد کیا گیا ۔ علاوہ ازیں مرکزی وزیر شہری ترقیات و پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو نے بھی اس سلسلہ میں راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ راج ناتھ سنگھ نے اڈیشنل سکریٹری وزارت داخلہ اے کے سنگھ کو آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مابین نوڈل آفیسر کے طور پر متعین کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ اے کے سنگھ تنظیم جدید آندھرا پردیش کے دفعات پر تیزی سے عمل آوری کو یقینی بنانے مختلف مرکزی وزارتوں کے مابین بھی نوڈل آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دینگے ۔ آج اس وفد کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ وینکیا نائیڈو نے راج ناتھ سنگھ سے بات چیت کرتے ہوئے تجویز پیش کی تھی کہ وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار کو آندھرا پردیش و رلنتانہ کے مابین مختلف مسائل حل کرنے کیلئے بحیثیت نوڈل آفیسر کی حیثیت سے مقرر کرنے کی سفارش کی تھی ۔ اے کے سنگھ کو اس مقصد کیلئے مختلف مرکزی وزارتوں کے مابین بھی نوڈل آفیسر کی حیثیت سے کام کرنے کی ذمہ داری سونپی جائیگی ۔ اس تقرر کا مقصد دونوں ریاستوں میں مختلف پراجیکٹس پر عمل آوری کو یقینی بنانا ہے ۔ اڈیشنل سکریٹری اے کے سنگھ کی قیادت میں مرکزی عہدیداروں کی ایک ٹیم 20 مارچ کو حیدرآباد کا دورہ کریگی تاکہ دونوں ریاستوں کے چیف سکریٹریز سے حل طلب مسائل کی یکسوئی پر بات چیت کی جاسکے ۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے وینکیا نائیڈو کی اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ بعض حل طلب مسائل کو تنظیم جدید آندھرا پردیش قانون کے رکاوٹ بننے والے دفعات کو برخواست کرتے ہوئے بھی حل کیا جاسکتا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے اپنی وزارت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملہ کو تیزی سے نمٹائیں ۔ وزیر داخلہ نے اے پی بی جے پی کے وفد سے وینکیا نائیڈو کے دفتر میں ملاقات کی بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ نوڈل آفیسر اور ان کے ساتھی عہدیداران کل آندھرا پردیش کا دورہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ نوڈل آفیسر کا تقرر دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مابین مسائل کی یکسوئی کی سمت پہلا قدم ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے بعد ازاں ایک بیان میں واضح کیا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے ‘ دونوں ریاستوں کے مابین اثاثہ جات اور واجبات کی تقسیم ‘ عہدیداروں کی تقسیم اور راجیہ سبھا ارکان کے مناسب الاٹمنٹ کیلئے فوری اور تیز رفتار اقدامات کی ضرورت ہے ۔ وینکیا نائیڈو اور بی جے پی وفد کے ارکان نے وزیر داخلہ سے کہا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینا اور ترجیحی اساس پر دینا ضروری ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے ان کے ادعا کی پرسکون سماعت کے بعد اڈیشنل سکریٹری کو نوڈل آفیسر کی حیثیت سے مقرر کرنے سے اتفاق کیا ۔ نوڈل آفیسر کل حیدرآباد آئیں گے ۔