آندھرا پردیش میں 7 شاہراہوں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد

حیدرآباد۔ /29مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اُگادی تہوار کے موقع پر امراوتی میں 7 اہم شاہراہوں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ریاست کے دارالحکومت میں دو اسپیڈ ایکسیس شاہراہوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ آج جن 7شاہراہوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا گیا ان پر 1051 کروڑ کے مصارف عائد ہوں گے اور یہ جملہ 67.5کلو میٹر کا احاطہ کریں گے۔ یہ تعمیری کام اندرون ایک سال مکمل کرلیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ امراوتی سٹی کو گرین۔ بلیو سٹی کے طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ امراوتی کے نام کے بارے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے اور اسے صدفیصد تائید حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے سابق یو پی اے حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ آندھرا پردیش کے دارالحکومت کے بارے میں کوئی فیصلہ کئے بغیر ہی ریاست تقسیم کردی گئی۔تاہم انہوں نے دارالحکومت کے لئے امراوتی کے مقام کا انتخاب کیااور اس معاملہ میں ان کا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے ۔