حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : حکومت آندھرا پردیش نے ریاست کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو خوشخبری دیتے ہوئے بہت جلد ریاست میں 20 ہزار ملازمتوں پر مرحلہ وار اساس پر تقررات کرنے کا اعلان کیا ۔ آج وجئے واڑہ میں چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا اور بتایا گیا کہ زائد از چھ گھنٹوں تک جاری رہنے والے کابینہ کے اجلاس میں بالخصوص ’ ریت پالیسی پر تفصیلی مباحث ہوئے اور اس موقعہ پر مفت ریت پالیسی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا گیا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ماہ اپریل و مئی کے دوران ریاست کے تمام 13 اضلاع کا تفصیلی دورہ کرنے کا فیصلہ کیا اور ہر ہفتہ ایک یا دو اضلاع کے دورہ پروگراموں کو مرتب کیا جائے گا اور بتایا گیا کہ اضلاع کے دوروں میں چیف منسٹر صبح کے اوقات میں پراجکٹس کا معائنہ کریں گے اور دوپہر سے تمام متعلقہ اعلی عہدیداروں کے ساتھ فلاح و بہبودی پروگراموں کا جائزہ لیں گے ۔ کابینہ کا اجلاس ختم ہونے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پی رگھوناتھ ریڈی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ نے کابینہ کے فیصلوں سے واقف کروایا۔۔