حیدرآباد 17 اپریل ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش میں اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق کی موثر عمل آوری کو یقینی بنانے سے اب تک زائد از 103 کروڑ روپئے رقم اور 70 کیلو گرام سونا ضبط کیا جاچکا ہے ۔ اس کے علاوہ 300کیلو گرام چاندی بھی ضبط کی گئی ۔ ریاستی چیف الیکٹوریل آفیسر بھنور لال کے مطابق ملک بھر میں 265 کروڑ روپئے رقم ضبط ہوئی ہے اس میں سے سب سے زیادہ صرف آندھرا پردیش میں 103.39 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے ۔ اس کے علاوہ 3,76,830 لیٹر غیر قانونی شراب بھی ضبط کی گئی ۔ الیکشن کمیشن نے پہلے ہی نشاندہی کردی ہے کہ آندھرا پردیش انتخابی مصارف میں سرفہرست ہے ۔ منقسم آندھرا پردیش کے تحت تلنگانہ میں 30 اپریل کو اور رائلسیما آندھرا میں7 مئی کورائے دہی مقرر ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے مزید بتایا کہ عوام االناس کو موبائیل فون نمبرات فراہم کئے گئے ہیں تا کہ رقومات کی تقسیم کی اطلاع دی جائے ۔