امراوتی ( اے پی ) 29 مارچ ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش نے آج ڈائرکٹر جنرل انٹلی جنس اے بی وینکٹشور راو کا تبادلہ کردیا جبکہ کچھ ہی دیر قبل ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کے تبادلے کے احکام کو چیلنج کرنے والی درخواست مسترد کردی تھی ۔ چیف سکریٹری انیل چندرا پونیتھا نے ایک جی او جاری کرتے ہوئے ڈائرکٹر انٹلی جنس کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں ہیڈ کوارٹرس رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ۔ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے احکام پر حکم التوا جاری کرنے سے انکار کردیا جس میں ڈائرکٹر جنرل انٹلی جنس کا تبادلہ کرنے اور انہیں کوئی انتخابی ذمہ داری نہ دینے کے احکام جاری کئے تھے ۔