دونوں ریاستوں میں ای وی ایم مشینوں میں خرابی کی شکایت، تلگودیشم قائد چندر شیکھر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے آندھرا پردیش کے اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ پارٹی کے رکن پولیٹ بیورو آر چندر شیکھر ریڈی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر بھروسہ کرتے ہوئے کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں جبکہ عوام نے چندرا بابو نائیڈو حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں رائے دہی کا فیصد انتہائی کم رہا جبکہ آندھرا پردیش میں رات تک بھی پولنگ جاری رہی کیونکہ رائے دہندے مقررہ وقت سے قبل پولنگ بوتھ پہنچ چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں 31 فیصد ای وی ایم مشینس ناکارہ تھے۔ تلنگانہ میں بھی ای وی ایم مشینوں میں اُلٹ پھیر کی شکایات ملی ہیں۔ نظام آباد جہاں کویتا مقابلہ کررہی ہیں ای وی ایم مشینوں کے بارے میں شکایات موصول ہوئیں۔ ای وی ایم مشینوں میں خرابی کے سبب عوام کو گھنٹوں سڑکوں پر گذارنے پڑے۔ انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم مشینوں کی عدم کارکردگی کے بارے میں سیاسی جماعتوں کے اعتراضات پر خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں حالیہ پنچایت انتخابات کی رائے دہی بیالٹ پیپر کے ذریعہ ہوئی جس کے سبب شام 5 بجے تک نتائج منظر عام پر آگئے۔ ملک بھر میں اہم سیاسی جماعتیں ای وی ایم مشینوں کے بجائے بیالٹ پیپر کی مانگ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کی شکایت کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکی ہے۔ نظام آباد کے کسانوں کو تلگودیشم سلام کرتی ہے جنہوں نے کویتا کے خلاف مقابلہ کرتے ہوئے حکومت سے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ کسانوں پر دباؤ اور انہیں مختلف لالچ دیئے جانے کے باوجود 180 کسان انتخابی میدان میں برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان گزشتہ چار برسوں سے پیداوار کی امدادی قیمت کا مطالبہ کررہے ہیں۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ رائے دہی کے بعد جگن موہن ریڈی نے نتائج سے قبل خود کو آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کے طور پر میڈیا کے روبرو پیش کیا۔ انہیں ای وی ایم مشینوں پر بھروسہ ہے۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عوام جگن موہن ریڈی کو پھر ایک بار سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاست میں چندرا بابو نائیڈو کا اہم رول رہے گا۔ تلگودیشم پارٹی نے تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی تائید کی تاہم مجوزہ مجالس مقامی کے انتخابات میں تلگودیشم مقابلہ کرے گی کیونکہ بنیادی سطح پر تلگودیشم کا کیڈر مستحکم ہے۔