عوام کو راحت پہونچانے اقدام ۔ اسمبلی میں چندرا بابو نائیڈو کا اعلان
امراوتی 10 ستمبر ( پی ٹی آئی ) چونکہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے آندھرا پردیش حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں2 روپئے فی لیٹر کٹوتی کا اعلان کیا ہے ۔ ریاستی اسمبلی میں کٹوتی کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مرکزی حکومت فیول پر ٹیکس میں اضافہ کرتے ہوئے بھاری رقم کما رہی ہے لیکن اس نے عام آدمی پر بوجھ کو کم کرنے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے ۔ ریاستی حکومت فی الحال پٹرول اور ڈیزل پر 31 فیصد ویاٹ اور 4 روپئے اضافی ٹیکس فی لیٹر عائد کر رہی ہے ۔ محکمہ کمرشیل ٹیکس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اب جو اضافی ٹیکس ہے اسے کم کرتے ہوئے فی لیٹر 2 روپئے کردیا گیا ہے ۔ حکومت کے اس اقدام کے بعد ریاست میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 84.71 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 77.98 روپئے فی لیٹر ہوگئی ہے ۔ اس کٹوتی کا اطلاق منگل سے ہوگا۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے اسمبلی میں کہا تھا کہ ریاستی حکومت پٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر 4 روپئے ویاٹ عائد کر رہی ہے تاہم بعد میں کمرشیل ٹیکس محکمہ کے عہدیدار نے اس کی وضاحت کردی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حالانکہ ریاست کو خسارہ بجٹ کا سامنا ہے لیکن حکومت نے عوام کے بوجھ کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹیکس میں کمی کی جا رہی ہے ۔ ریاستی حکومت کو اس ٹیکس میں کمی سے 1,120 کروڑ روپئے کے مالیہ سے محروم ہونا پڑیگا ۔