5 تا 15 فروری کو امتحان کی نئی تواریخ مقرر ، وزیر جی سرینواس کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش میں اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ ٹیٹ TET کے انعقاد کو حکومت کی جانب سے تین ہفتوں تک کے لیے ملتوی کردیا گیا اور اس طرح اب ٹیٹ آندھرا پردیش کے مختلف امتحانی مراکز پر 5 تا 15 فروری منعقد کیا جائے گا ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش مسٹر جی سرینوا راؤ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ٹیٹ کی تیاری کے لیے وقت بہت کم رہنے کے ساتھ ساتھ نصاب بھی بہت زیادہ رہنے کا اظہار کرتے ہوئے ٹیٹ کے امیدواروں کی جانب سے احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے متعدد نمائندگیاں وصول ہوئی تھیں جن کو پیش نظر رکھتے ہوئے امیدواروں کو ٹیٹ کی تیاری کے لیے مناسب وقت فراہم کرنے کے مقصد سے ہی حکومت نے ٹیٹ کی مدت میں اضافہ کر کے 5 تا 15 فروری کے شیڈول کو قطعیت دی ہے ۔ وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ ٹیٹ کا انعقاد عمل میں آنے کے بعد ٹیٹ کے نتائج 26 فروری کو جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیٹ کے شیڈول کو جاریہ ماہ 14 دسمبر کو جاری کیا گیا تھا لیکن اب ٹیٹ کے شیڈول کو تبدیل کرنے کے باوجود ریاست میں ڈی ایس سی کے انعقاد پر اس کا کوئی اثر مرتب نہیں ہوگا ۔۔