تنہا حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ، جگن کی اہلیہ بھارتی کا بیان
حیدرآباد /7 مئی (سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی کی شریک حیات بھارتی نے کہا کہ وائی ایس آر سی پی کو سیما۔ آندھرا کے 150 اسمبلی حلقہ جات میں کامیابی حاصل ہوگی، جب کہ 25 اسمبلی حلقہ جات میں بشمول تلگودیشم دیگر جماعتیں کامیاب ہوں گی۔ شرمیلا کے ساتھ پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کے بعد انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا میں صرف وائی ایس آر کانگریس کی لہر چل رہی ہے، کیونکہ جگن موہن ریڈی نے گزشتہ چار سال سے اپنا سارا وقت عوام کو دیا ہے اور ان کے دکھ درد میں ان کا ساتھ دیا ہے۔
علاوہ ازیں وعدہ کو نبھانے کے لئے کانگریس سے مستعفی ہوئے، جس کی وجہ سے عوام انھیں پسند کر رہے ہیں اور ان کا شمار عوام کے مقبول ترین قائدین میں ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس بھاری اکثریت حاصل کرتے ہوئے تنہا حکومت تشکیل دے گی۔ عوام نے راج شیکھر ریڈی کی فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کو فراموش نہیں کیا ہے، بلکہ جگن موہن ریڈی کے دور میں تمام اسکیمات کے احیا کی امید کرتے ہوئے وائی ایس آر سی پی امیدواروں کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دنوں سیما۔ آندھرا کے علاقوں کا دورہ کر چکی ہیں، ہر طرف وائی ایس آر کانگریس کی لہر ہے۔ انھوں نے کہا کہ رائے دہی کا تناسب جس قدر بڑھے گا، وائی ایس آر کانگریس کو فائدہ ہوگا۔