آندھرا پردیش میں مچھلی کی تجارت بحران کا شکار

تاجروں کو تلگودیشم ۔ بی جے پی اختلافات کی وجہ سے سبوتاج کا شبہ
حیدرآباد 26 جولائی ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش میں مچھلی کی تجارت بحران کا شکار ہوگئی ہے کیونکہ شمال مشرقی ریاستوں نے یہاں سے مچھلی کی درآمد پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ آسام ‘ منی پور ‘ ناگالینڈ اور میگھالیہ نے دوسری ریاستوں اور خاص طور پر آندھرا پردیش سے مچھلی کی درآمد پر امتناع عائد کردیا ہے کیونکہ لیب معائنوں میں پتہ چلا ہے کہ کچھ مچھلیوں کی اقسام میں کیمیاوی مادے پائے گئے ہیں۔ چونکہ ان ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں ایسے میں تاجروں اور آندھرا پردیش کے مچھیروں کا شبہ ہے کہ یہ کوئی صحت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ بی جے پی اور تلگودیشم پارٹیوں میں اختلافات کی وجہ سے اس تجارت کو سبوتاج کیا جا رہا ہے ۔ آندھرا پردیش میں مغربی گوداوری ‘ مشرقی گوداوری اور کرشنا اضضلاع سب سے زیادہ مچھلی پیدا کرنے والے اضلاع ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ مچھلی کی تجارت میں انہیں پہلے کبھی مسائل کا سامنا کرنا نہیں پڑا تھا لیکن اب شمال مشرق کی تقریبا تمام ریاستوں نے مچھلی کی درآمد پر پابندی عائد کردی ہے اور انہیں شبہ ہے کہ یہ سب کچھ سیاسی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے کیونکہ تلگودیشم نے بی جے پی سے تعلقات منقطع کرلئے ہیں۔