آندھرا پردیش میں مجوزہ اسمبلی و پارلیمانی انتخابات ، تلگو دیشم پارٹی کے منشور کی تیاری

انتخابی منشور کمیٹی کا اجلاس ، مختلف امور پر غور و خوض ، 25 فروری کو دوبارہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 20 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی آندھرا پردیش میں مجوزہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر انتخابی منشور کی تیاری کا آغاز کردیا ہے ۔ اس سلسلہ میں پارٹی کی انتخابی منشور کمیٹی کا ایک اجلاس آج وائی راما کرشنوڈو کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ جس میں وزراء مسرس ین محمد فاروق ، کے اچن نائیڈو ، ین آنند بابو ، شراون اور دیگر نے شرکت کی ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر اچن نائیڈو نے بتایا کہ مجوزہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں منشور کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور سال 2014 کے منشور میں کئے گئے تمام وعدوں و دئیے گئے تیقنات پر صد فیصد عمل آوری کرنے کا ادعا کیا اور آئندہ انتخابی منشور پر مزید موثر عمل آوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں پانچ اہم امور بالخصوص فلاح و بہبود ، یوتھ ، خواتین ، متوسط طبقات کی فلاح و بہبود پر اولین ترجیح دی گئی ۔ خاندانوں کی فلاح و بہبود پر انتخابی منشور میں 15 نکات ، سماجی ترقی پر 10 نکات کو شامل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سالانہ کم از کم آمدنی کو 3.78 لاکھ روپئے تک کرنے اور جی ایس ڈی پی کو 24 لاکھ روپیوں تک کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اچن نائیڈو نے مزید بتایا کہ کمیٹی کا ایک اور اجلاس 25 فروری کو منعقد کیا جائے گا ۔ اس دوران تمام ضلع تلگو دیشم پارٹی صدور سے بھی صلاح و مشورہ حاصل کر کے ان کی تجاویز کو بھی انتخابی منشور میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور انتخابی منشور کو قطعیت دینے عوامی مطالبات سے واقفیت حاصل کرنے کے مقصد سے ویب سائیٹ شروع کیا گیا ۔ ویب سائٹ tdpmanifesto.com کے ذریعہ عوامی رائے حاصل کر کے انتخابی منشور مرتب کیا جائے گا ۔ دیگر پارٹیوں کے مقابلہ میں عوامی خواہشات کے مطابق انتخابی منشور تیار کیا جائے گا ۔ موجودہ تلگو دیشم حکومت میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مرتب اسکیمات پر عمل آوری جاری ہے اور بھی مزید بہتر اسکیمات کو شامل کر کے عوامی مفادات کی روشنی میں 15 مارچ تک انتخابی منشور کو مرتب کر کے جاری کرنے کا مسٹر اچن نائیڈو نے اظہار کیا ۔۔