آندھرا پردیش میں لینڈ ریکارڈز میں غلطیوں کو دور کرنے پروگرام

حیدرآباد 25 جولائی ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے آئندہ ماہ ایک پروگرام منعقد کیا جائیگا جس کا مقصد لینڈ ریکارڈز میں غلطیوں کو دور کرنا ہے ۔ آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کے ای کرشنا مورتی نے آج یہ بات بتائی ۔ اس پروگرام کے تحت جسے می اینٹی کی می بھومی کا نام دیا گیا ہے ‘ ریاست کی تمام گرام پنچایتوں میں اجلاس منعقد کئے جائیں گے اور کسانوں کی جانب سے لینڈ ریکارڈز میں غلطیوں کی نشاندہی اور اعتراضات وغیرہ کو دور کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مال ‘ جنگلات اور انڈومنٹ محکمہ جات کے متعلقہ عہدیدار ان اجلاسوں میں شریک رہیں گے ۔ مسٹر کرشنا موتی نے بتایا کہ یہ پروگرام 10 تا 31 اگسٹ منعقد کیا جائیگا ۔ انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ جن لینڈ ریکارڈز کو درست کیا جائیگا ان کا می بھومی پورٹل میں تذکرہ کردیا جائیگا جس کا ریاستی حکومت کی جانب سے لینڈ ریکارڈز سے متعلق اطلاعات عوام کو فراہم کرنے کے مقصد سے حال ہی میں آغاز کیا گیا ہے ۔