آندھرا پردیش میں لو لگنے سے 371 اموات

وزیانگرم میں 127 اموات ، ریونیو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی رپورٹ

حیدرآباد 20 جون ( پی ٹی آئی ) اس موسم گرما کے دوران شدید گرمی کے باعث منقسمہ آندھرا میں لو لگنے سے 371 لوگ فوت ہوگئے ۔ لو لگنے سے سب سے زیادہ 127 اموات ضلع وزیانگرم میں ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ اسکے بعد پرکاشم میں 69 ، مشرقی گوداوری میں 47 ، کرشنا میں 36 ، سریکاکلم اور گنٹور میں ہر ضلع میں 30اموات ہوئیں ۔ ریونیو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ایک کارروائی رپورٹ میں آج یہاں یہ بات بتائی گئی ۔ اس موسم گرما کے دوران آندھرا پردیش میں شدید گرمی کے حالات پائے گئے ۔ جس میں درجہ حرارت 40 ڈگری سلسیس سے زیادہ تک پہنچ گیا تھا اور گذشتہ چند دن میں مانسون کے ساتھ اس میں قابل لحاظ کمی ہوئی ہے یہ تذکرہ کرتے ہوئے کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے ایک لاکھ روپئے ایکس گریشیا کی ادائیگی کا اعلان کیا اس رپورٹ میں کہا گیا کہ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ لو لگنے سے فوت ہونے والوں کے خاندانوں کو ’ اپتھ بندھو ‘ اسکیم کے تحت 50 ہزار روپئے کی ادائیگی کیلئے تجاویز پر کارروائی کریں ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو 1.64 کروڑ روپئے کی رقم جاری کی گئی ہے ۔ حکومت نے لو لگنے سے اموات کے تدارک کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کرنے تمام کلکٹرس اور دیگر محکمہ جات کو ہدایات جاری کئے ہیں ۔