آندھرا پردیش میں طوفان ’’پھنی ‘‘ کے امکان پر نظم و نسق چوکس

ماہی گیروں کو سمندرنہ جانے کا مشورہ، کلکٹرس کی عہدیداروں کو ہدایت

حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش کو درپیش امکانی طوفان ’پھنی ‘ کے ہونے والے اثر سے متعلق ریاستی نظم و نسق بالکلیہ طور پر متحرک اور چوکس و چوکنا ہوگیا ہے اور ضلع کلکٹرس نچلی سطح کے عہدیداروں کو مناسب تجاویز و مشورے دے چکے ہیں۔ آئندہ آنے والے 48 گھنٹوں کے دورن ماہی گیروں کو مچھلیاں پکڑنے کیلئے سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع گنٹور کے نظام پٹنم پر واقع ’ ہاربر ‘ میں دوسرے نمبر کا انتباہ دے دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں امکانی طوفانی نقصانات سے وقت بہ وقت نمٹنے کیلئے گنٹور اور کرشنا ڈسٹرکٹ کلکٹوریٹ دفاتر میں کنٹرول رومس قائم کئے گئے ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ضرورت مندوں کو فی الفور کسی بھی نوعیت کی مدد کرنے و راحت کی فراہمی کیلئے ہیلپ لائن نمبر08672252174 پر فون کرنے کی خواہش کی گئی اور 30اپریل تک اسٹاف سے 24 گھنٹے اپنے فرائض کی انجام دہی ( ڈیوٹیوں پر ہی متعین رہنے ) میں مصروف رہنے کی ضلع کلکٹر کورشنا ڈسٹرکٹ مسٹر امتیاز احمد نے ضروری ہدایات دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ضلع نیلور میں کرشنا پٹنم پورٹ میں ایک نمبر کے نشان کا خطرہ رہنے سے متعلق انتباہ دیا گیا ہے۔ اس طرح پھنی طوفان کے امکانی اثر کے سلسلہ میں ضلع نظم و نسق کو ڈسٹرکٹ کلکٹر نیلور مسٹر متیال راجو نے چوکس کررکھا ہے کیونکہ 29 اور 30اپریل کے دوران ضلع نیلور پر طوفان ’ پھنی ‘ کا اثر رہنے کا قوی امکان پایا جاتا ہے اور طوفانی اثر سے نمٹنے کیلئے عہدیداروں سے چوکس و چوکنا رہنے کی خواہش کی گئی ہے کیونکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفان ’ پھنی ‘ کا زبردست اثر رہنے کا قوی امکان پایا جاتا ہے۔