آندھرا پردیش میں شراب پر ٹیکس کم ، فروخت بڑھ گئی

حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : آندھرا پردیش کا شمار ملک کی ان ریاستوں میں ہوتا ہے جہاں شراب نوشی کرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔ آندھرا پردیش میں نشہ کرنے والوں کی تعداد میں اور بھی اضافہ ہوگیا ہے کیوں کہ حکومت نے کم زمرہ کی شراب پر اکسائز ڈیوٹی اور ویاٹ کم کردی ہے جس کی وجہ سے گذشتہ ایک سال میں الکحل کی فروخت میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ جاریہ مالیاتی سال کے دوران حکومت کو 30 جون تک جملہ 3 ہزار ایک سو 84 کروڑ سے زائد آمدنی ہوئی ہے ۔ گذشتہ سال یہ آمدنی 2 ہزار 133 کروڑ سے زائد تھی ۔ آمدنی کے حساب سے مشرقی گوداوری سرفہرست ہے ۔ جہاں 80 کروڑ سے زیادہ آمدنی ہوئی زائد از 28 کروڑ کی آمدنی کے ساتھ سریکاکلم سب سے کم آمدنی والا ضلع ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اکسائز کے رویندرا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ شراب کی دوکانات کو ترغیب دیں کہ اپنا سارا کوٹہ حاصل کرلیں تاکہ مالیاتی سال کے اگلے تین سہ ماہی میں مزید آمدنی کما سکیں ۔ آندھرا پردیش میں بیر کی فروخت میں گذشتہ سال سے اس سال تقریبا 29 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ چتور ضلع بیر کی فروخت میں سرفہرست ہے ۔۔