آندھرا پردیش میں زیرو بجٹ پیش کرنے کا اعلان

وجئے واڑہ۔/7جنوری، ( پی ٹی آئی؍ این ایس ایس) حکومت آندھرا پردیش سال 2015-16کیلئے زیرو بجٹ کا منصوبہ بنارہی ہے جس میں کوئی نیا ٹیکس نافذ نہیں کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے آج یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زیرو بجٹ کے ساتھ ساتھ کسی نئے ٹیکس سے گریز کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ عوام پر کوئی بوجھ عائد نہ ہو اور آئندہ بجٹ ٹیکس فری رہے۔ انہوں نے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی زیر صدارت سکریٹریز اور ضلع کلکٹرس کی پری بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے تمام وعدوں کو پورا کرنے کیلئے پابند عہد ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ریاست کی مالی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے فینانشیل اڈوائزری بورڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا

اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مالی صورتحال پر خصوصی نظر رکھیں۔ زیرو بجٹ میں تمام محکمہ کیلئے مصارف کے معاملہ میں پورا پورا انصاف کیا جائے گا۔حکومت آندھرا پردیش نے اپنی نوعیت کی منفرد ماقبل بجٹ کانفرنس منعقد کی ہے۔ سیشن شروع ہونے سے قبل چیف منسٹر کے بشمول تمام شرکاء نے اننت پور میں پیش آئے بس حادثہ کے مہلوکین کو خراج پیش کیا اور دو منٹ کی خاموشی منائی۔ چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ نے تعارف پیش کیا اس کے بعد وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ریاست کے مالیہ کی تفصیل بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مالی رکاوٹوں کے باوجود اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عوامی بہبودی اسکیمات پر موثر عمل ہو۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے ای کرشنا مورتی نے لینڈ ریکارڈز کو آن لائن کرنے اور خدمات کے شعبہ کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی کاوشوں کی ستائش کی۔چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ چھ ماہ قبل ہمارا مالی خسارہ تقریباً 16000کروڑ روپئے تھا۔ نئی حکومت بہبود، ترقی اور مالی صورتحال میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کررہی ہے۔