حیدرآباد 18 ستمبر ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ پی رگھوناتھ ریڈی نے آج واضح کیا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو ریاست کی ترقی کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کر ہرے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آندھرا حکومت زراعت اور آبپاشی اور دوسرے شعبوں کو بھی ترقی دینا چاہتی ہے ۔ شعبہ زراعت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے ایک مناسب ایکشن پلان تیار کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ریاست کی تقسیم کے نتیجہ میں آندھرا علاقہ کو مختلف شعبہ جات میں بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم چندرا بابو نائیڈو ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔