آندھرا پردیش میں تلگو دیشم کی جانب سے جمہوریت کا خون

بے قاعدگیوں کی ریکارڈنگ گورنر کو پیش ، جگن موہن ریڈی کی ایم ایل ایز و ایم ایل سیز کے ساتھ گورنر سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر جگن موہن ریڈی نے آج راج بھون پہونچکر گورنر سے ملاقات کی ۔ 3 تا 5 جولائی کے درمیان حکمران تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے آندھرا پردیش میں جمہوریت کا خون کرنے کا الزام عائد کیا ۔ بلدیات اور مقامی اداروں کے صدور نشین اور مئیر کے انتخابات میں تلگو دیشم کی جانب سے کی گئی بے قاعدگیوں کی وزیر اعظم اور صدر جمہوریہ ہند کو شکایت کرنے کا اعلان کیا ۔ مسٹر جگن موہن ریڈی نے حیدرآباد میں دستیاب ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل کے ہمراہ گورنر مسٹر نرسمہن سے ملاقات کی ۔ مقامی اداروں ، بلدیات ضلع پریشد اور کارپوریشن صدور نشین اور مئیر کے انتخابات میں حکمران تلگو دیشم کی جانب سے آندھرا پردیش میں کی گئی بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کی شکایت کی ۔ تلگو دیشم کو اکثریت نے ہونے کے باوجود دوسری جماعتوں کے ارکان کی تائید حاصل کرتے ہوئے بلدیات اور کارپوریشن پر قبضہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان کو ڈرانے دھمکانے کا بھی دعویٰ کیا ۔ تمام واقعات پر مبنی سی ڈیز گورنر کے حوالے کی ۔ قائد اپوزیشن مسٹر جگن موہن ریڈی نے کہا کہ حکمران تلگو دیشم کی جانب سے 3 ، 4 ، 5 جولائی کو آندھرا پردیش میں جمہوریت کا خون کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی عددی طاقت کے لحاظ سے اس کو 239 منڈل پریشد پر کامیابی حاصل ہوناتھا تاہم صرف 200 پر کامیابی حاصل ہوئی ۔ بلدیات کے 36 صدور نشین پر کامیابی حاصل ہونا تھا ۔ لیکن صرف 19پارٹی کے کھاتے میں آئے ۔ اقتدار کا بیجا استعمال کرتے ہوئے اکثریت نہ ہونے کے باوجود غنڈا گردی ، لالچ دیتے ہوئے تلگو دیشم نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ تلگو دیشم پارٹی اپنے منشور کے ذریعہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے ا پوزیشن کو کمزور کرنے میں اپنی ساری توانائی صرف کررہی ہے ۔ جمہوریت میں عوام ہی اپوزیشن ہوتے ہیں حکومت کی غلطیوں پر عوام ہی سبق سکھائیں گے ۔ حکمران تلگو دیشم اپوزیشن کا گلا کاٹنے کی کوشش کررہی ہے ۔ تلگو دیشم اقتدار کے ایک ماہ مکمل ہونے کے باوجود کسانوں اور ڈاکرا ویمن کے قرضہ جات معاف کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔ ہر گھر کو ایک ملازمت اور روزگار ملنے تک بیروزگاروں کو بیروزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا گیا ۔ اس پر عمل شروع نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو چیف منسٹر بننے کے بعد آندھرا پردیش میں 17 وائی ایس آر کانگریس پارٹی کارکنوں کا قتل ہوا ۔ 110 کارکنوں کو شدید زخمی کردیاگیا ۔ ان تمام واقعات کی دہلی پہونچکر وزیر اعظم نریندر مودی اور صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی سے بھی شکایت کی جائے گی ۔۔