حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش میں منعقدہ انتخابات کے نتائج کا جیسے ہی اعلان ہوا ۔ تلگو دیشم پارٹی قائدین کی جانب سے استعفوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ۔ آندھرا پردیش اسمبلی انتخابات اور لوک سبھا انتخابات میں تلگو دیشم کی بری طرح سے شکست ہوجانے کے باعث پارٹی کے بعض قائدین تلگو دیشم امیدواروں کے ناکام ہوجانے کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدوں سے مستعفی ہونا شروع کردیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وائی ایس آر کڑپہ ڈسٹرکٹ میں تلگو دیشم بری طرح سے ناکامی پر اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے صدر ڈسٹرکٹ تلگو دیشم پارٹی ضلع کڑپہ مسٹر آر سرینواس ریڈی نے پارٹی صدر کے عہدے سے مستعفی ہو کر ایک عام کارکن کی حیثیت سے تلگو دیشم میں برقرار رہتے ہوئے مستقبل میں تلگو دیشم کو از سر نو مضبوط و مستحکم بنانے میں اپنی خدمات کو جاری رکھنے کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو قومی صدر تلگو دیشم نے ان پر مکمل بھروسہ و اعتماد کرتے ہوئے دو مرتبہ صدر ضلع تلگو دیشم پارٹی کے عہدے پر فائز کیا ۔ جس پر انہوں نے چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کیا ۔۔