وائی ایس جگن موہن ریڈی کو متین مجددی کی مبارکبادی
حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی تاریخی کامیابی کو جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی و صدر میناریٹی سیل جناب متین مجددی نے اسے عوامی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے پارٹی سربراہ جگن موہن ریڈی کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش کے پریشان حال عوام کو جگن نے جو بھروسہ دلایا تھا اب ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی نے ریاستی عوام کی بھلائی اور ریاست کی ترقی کا جو بیڑا اُٹھایا ہے کامیابی اس کا پہلا قدم ہے۔ انہوں نے 3690 کیلو میٹر طویل پیدل جاترا کے ذریعہ ریاست کے ہر طبقہ کی عوام سے ملاقات کی اور ہر شعبہ حیات سے وابستہ افراد کے مسائل کا جائزہ لیا۔ جناب متین مجددی نے کہا کہ جس طرح ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے پیدل یاترا کے ذریعہ عوام کا دل جیت کر اقتدار حاصل کیا تھا وہ جگن موہن ریڈی نے بھی اپنے والد کے نقشہ قدم پر عمل کرتے ہوئے پیدل یاترا کرتے ہوئے عوام کا دل جیت لیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ریاست کی تاریخ میں سوائے راج شیکھر ریڈی کے کسی نے بھی مسلمانوں کی ترقی کے اقدامات نہیں کئے اور ریاست کی عوام بالخصوص مسلمانوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اپنا بھرپور تعاون پیش کیا ہے اور اس طرح کی توقعات رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے تیسرے دور کی تاریخ کا آغاز ہوگا۔ چونکہ گزشتہ 5 سال میں بابو نے صرف اپنے خاندان کی بھلائی اور ترقی پر توجہ دی تھی۔ طلبہ و کسانوں کے مسائل ، بے روزگاری اور عوام کی ترقی و بھلائی پر کسی قسم کی توجہ نہیں دی جس کا عوام نے انہیں جواب دیا ہے۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے تاریخ قائم کرنے پر مبارکباد پیش کی۔