حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( پی ٹی آئی ) : برطانیہ کے سکریٹری آف اسٹیٹ برائے توانائی و موسمی تبدیلی ایڈورڈ ڈاوے نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی ۔ ڈاوے کی زیر قیادت ایک وفد نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں قابل تجدید توانائی شعبہ میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ ایڈورڈ ڈاوے نے ریاست میں ایل این جی ٹرمینل میں شیلس کی سرمایہ کاری پر خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے آندھرا پردیش کی ساحلی پٹی کو ایک بڑا فائدہ بتاتے ہوئے کہا کہ برطانیہ آندھرا پردیش میں بندرگاہوں اور انفراسٹرکچر کے قیام میں ریاست کی مدد میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ کا معائنہ کرتے ہوئے طلبہ سے بات چیت کی ۔ انہوں نے برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ سے کہا کہ برطانیہ میں ہندوستانی طالب علموں کے لیے تعداد کی کوئی حد نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 84 فیصد طلبہ کو ویزا دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور انوویشن کے میدانوں میں ہند برطانیہ کے درمیان گذشتہ پانچ سالوں کے درمیان 150 ملین سے زائد کی مشترکہ سرمایہ کاری عمل میں آئی ۔۔