امراوتی 3 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے واضح کیا کہ ملک میں دریاؤںکو مربوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی حفاظت کو قومی تحریک بنایا جانا چاہئے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے یہاں مکتیالا اور وجئے واڑہ کے درمیان کرشنا ندی میں بنائے جانے والے ان لینڈ واٹر وے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے ریاست میں سات قومی شاہراہوں کے پراجیکٹس کو قوم کے نام معنون بھی کیا ۔ اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس کام کیلئے اب بھی تاخیر ہوچکی ہے ۔ ہم دریاؤں کو ایک دوسرے سے مربوط نہیں کرتے ہیں تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کریگی ۔ ہر ریاست کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے یہ کام ضروری ہے ۔ یہ سب کی مقدس ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی بڑھتی جا رہی ہے لیکن ذخائر آب میں کمی ہوتی جا رہی ہے ۔ کئی دریائیں پہلے ہی سوکھ چکی ہیں ۔ دریاؤں کا تحفظ اور ان کی برقراری ماحولیاتی توازن کیلئے بہت ضروری ہے ۔ در اصل اس کام کو قومی تحریک بنایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے اس کام کیلئے ایک کمیٹی بھی بنائی تھی ۔