امراوتی۔ /9اپریل، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش میں 11 اپریل کو بیک وقت منعقد شدنی لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی کے انتخابات کیلئے جاری مہم منگل کی شام ختم ہوگئی۔ تقریباً15 دن تک جاری رہی انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کرنے والی تلگودیشم اور اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کے قائدین نے سنگین الزامات اور تلخ ریمارکس کا تبادلہ کیا تھا۔ آندھراپردیش میں جمعرات کو صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک لوک سبھا کے تمام 25اور اسمبلی کے 175 حلقوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تلگودیشم پارٹی کے صدر و ریاستی چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی مہم تین ’’ بد افراد‘‘ ( وزیر اعظم ) نریندر مودی، ( تلنگانہ کے چیف منسٹر ) کے چندر شیکھر راؤ اور ( وائی ایس آر کانگریس کے صدر ) جگن موہن ریڈی کے خلاف سخت تنقیدوں پر مرکوز رہی۔ نائیڈو نے ان تینوں کا کئی ناموں سے حوالہ دیا اور اس حد تک آگے بڑھ گئے کہ مودی ، کے سی آر اور جگن کو خطرناک نوعیت کے مجرمین قرار دیدیا تھا۔