آندھرا پردیش میں الٹرا میگا سولار برقی پراجکٹ ،مرکز کا تعاون

سال 2019 تک 27 ہزار میگاواٹ برقی پیداوار کو یقینی بنانے چیف منسٹر نائیڈو کوشاں
حیدرآباد۔ 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں مرکزی حکومت کے تعاون سے دنیا کا سب سے بڑا الٹرا میگا سولار برقی پیداوار کا پراجیکٹ تعمیر کیا جارہا ہے۔ مرکزی وزیر مسٹر پیوش گوئل کے اعلان کے مطابق منقسم ریاست آندھرا پردیش میں 2500 میگاواٹ شمسی برقی پیداوار کا پراجیکٹ منظور کیا گیا ہے اور اس پراجیکٹ کے لئے این ٹی پی سی کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ اسی طرح آندھرا پردیش کو 2019ء تک 27,000 میگا واٹ برقی پیداوار کو یقینی بنانے والی ریاست میں تبدیل کرنے کا منصوبہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی حکومت کو پیش کیا ہے جسے مرکزی حکومت کی جانب سے منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے پیش کردہ منصوبہ کو مرکزی وزارتِ برقی میں جاریہ سال 2 اکتوبر کو منظوری فراہم کردی ہے اور برقی ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسمیشن کے نقصانات میں 9 فیصد کی ادائیگی ریاستی حکومت پر عائد کی گئی ہے۔ ریاست آندھرا پردیش میں آندھرا پردیش انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن میں این ٹی پی سی کو 4 ہزار میگاواٹ برقی پراجیکٹ کی تیاری کے لئے وشاکھاپٹنم کے علاقہ پدی مڈگا میں اراضی حوالے کرنے کے عمل کو مکمل کرلیا ہے۔ اسی طرح 2,500 میگاواٹ شمسی توانائی کا پراجیکٹ کرنول میں تعمیر کرنے کے منصوبہ کو قطعیت دی جاچکی ہے اور ایک ہزار میگاواٹ کڑپہ اور 500 میگاواٹ اننت پور کے لئے منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست آندھرا پردیش کو فاضل برقی پیداوار والی ریاست میں تبدیل کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ اسکیمات سے استفادہ کرتے ہوئے مرکز کو نوتشکیل شدہ آندھرا پردیش میں پاور پراجیکٹس کی منظوری کے لئے رضامند کروانے کے لئے کامیابی حاصل کی ہے اور ان کے منصوبے کے مطابق آئندہ تین برسوں میں ریاست آندھرا پردیش ملک کی تمام ریاستوں کے لئے برقی پیداوار کے معاملے میں رول ماڈل ثابت ہوگی۔ ریاست آندھرا پردیش میں برقی پیداوار کے ساتھ ساستھ قابل تجدید توانائی پر بھی حکومت آندھرا پردیش نے توجہ مبذول کررکھی ہے اور مرکز کو اس سلسلے میں بھی منصوبے روانہ کئے جاچکے ہیں۔