اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب شیخ محمد اقبال کی وزیر فینانس رام کرشنوڈو کو تجاویز کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ /26 فبروری ، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود آندھرا پردیش نے آئندہ مالیاتی سال کیلئے بجٹ میں 954کروڑ روپئے مختص کرنے کی حکومت سے سفارش کی ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب شیخ محمد اقبال کی جانب سے وزیر فینانس آندھرا پردیش وائی رام کرشنوڈو کو مالیاتی سال 2015-16کیلئے اقلیتی بہبود محکمہ کی بجٹ تجاویز پیش کی۔ انہوں نے حکومت سے خواہش کی کہ وہ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے سلسلہ میں زائد بجٹ کی منظوری پر توجہ دے۔ جاریہ سال بجٹ میں آندھرا پردیش حکومت نے 370کروڑ روپئے مختص کئے تھے۔ جاریہ سال کے بجٹ میں آندھرا پردیش حکومت نے منصوبہ جاتی مصارف کے تحت 160 کروڑ 52لاکھ روپئے جاری کئے جبکہ غیر منصوبہ جاتی مصارف کے تحت 59کروڑ 97لاکھ جاری کئے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر تقریباً 220کروڑ روپئے جاریہ سال جاری کئے گئے۔ اس میں مختلف اقلیتی اداروں کے انتظامی بجٹ کے علاوہ مختلف اسکیمات کا بجٹ شامل ہے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کی جانب سے اقلیتی بہبود کے بجٹ کی اجرائی کا تقابل کیا جائے تو آندھرا پردیش کی اجرائی تلنگانہ سے زائد ہے۔ تلنگانہ میں اقلیتی بہبود کیلئے 1030کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے جس میں سے 200کروڑ روپئے جاری کئے گئے جبکہ آندھرا پردیش حکومت نے 370 کروڑ کے بجٹ میں 220کروڑ روپئے ابھی تک جاری کردیئے ہیں۔ آندھرا پردیش حکومت نے بعض اسکیمات کیلئے لمحہ آخر میں مزید بجٹ کی اجرائی کا تیقن دیا ہے اور توقع ہے کہ جاریہ سال 250کروڑ روپئے تک بجٹ جاری کردیا جائے گا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حج کمیٹی، اجتماعی شادیوں، اسکالر شپ، فیس بازادائیگی، اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی سے متعلق پروگراموں، اردو اکیڈیمی کی اسکیمات پر عمل آوری جیسے مدات کے تحت بجٹ جاری کیا گیا۔ جاریہ سال حکومت نے اجتماعی شادیوں کیلئے 50لاکھ روپئے مختص کئے تھے تاہم دیگر اداروں سے رقم حاصل کرتے ہوئے جملہ 69لاکھ روپئے اس اسکیم کیلئے جاری کئے گئے۔ فیس بازادائیگی کے تحت 116کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے جملہ 24کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے آئندہ مالیاتی سال کیلئے جو تجاویز پیش کی ہیں اس میں منصوبہ جاتی مصارف کے تحت870کروڑ 88لاکھ اور غیر منصوبہ جاتی مصارف کے تحت 64کروڑ 2لاکھ روپئے کی بجٹ تجاویز پیش کی گئیں۔ محکمہ نے اسکالر شپ کیلئے 50کروڑ اور فیس ری ایمبرسمنٹ کیلئے 120کروڑ روپئے مختص کرنے کی سفارش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش حکومت نے آئندہ مالیاتی سال اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔جناب شیخ محمد اقبال نے بتایا کہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی سے متعلق اسکیمات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کی ترقی محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کو ترقی دیتے ہوئے اس کی آمدنی اقلیتوں کی بھلائی پر خرچ کرنے جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ اقلیتی بہبود میں درکار اسٹاف کے تقررات کیلئے حکومت سے نمائندگی کی ہے۔ اقلیتی بہبود کمشنریٹ اور دیگر اداروں میں ملازمین کی کمی کے باعث محکمہ کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بہت جلد اقلیتی بہبود کیلئے درکار اسٹاف الاٹ کرے گی۔