حیدرآباد 4 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی نے ریاستی نظم و نسق پر اپنی گرفت کو مضبوط بنانے کے ایک حصہ کے طور پر ریاست میں آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کے احکامات جاری کئے۔ مسٹر ایل وی سبرامنیم چیف سکریٹری آندھراپردیش نے چیف منسٹر کی ہدایات پر آج اسپیشل چیف سکریٹریز، پرنسپال سکریٹریز، سکریٹریز کے علاوہ چند ضلع کلکٹروں کے تبادلے کرنے احکامات جاری کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست کے 13 اضلاع کے منجملہ ماسواء کرشنا، کڑپہ، سریکاکلم اور وجیانگرم ڈسٹرکٹ کلکٹروں کے دیگر 9 اضلاع کے کلکٹروں کے تبادلے کردیئے گئے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پرنسپال سکریٹری جی اے ڈی (جنرل اڈمنسٹریشن ) کے عہدے پر مسٹر آر بی سیسوڈیہ کو تعینات کیا گیا جبکہ مسٹر اجئے جین اور مسٹر وجیانند منیجنگ ڈائرکٹرس اے پی ٹرانسکو اور اے پی جینکو کا تبادلہ کرکے ان دونوں عہدیداروں کو جے اے ڈی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔