عوام کو پانی کے استعمال میں محتاط رہنے کا مشورہ ، عالمی یوم آب کے موقع پر چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آئندہ دنوں میں اگر حکومت چوکس و چوکنا نہ رہنے کی صورت میں پانی کا سنگین مسئلہ درپیش ہوگا بلکہ کئی ایک مشکلات سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ ریاستی ترقی ٹھپ ہو کر رہ جائے گی ۔ لہذا پانی کے مسئلہ پر چوکسی اختیار کرنے و پانی کے استعمال میں احتیاط برتنے سے متعلق عوام میں نیا شعور پیدا کرنا چاہئے ۔ اس مسئلہ پر ہر ایک شہری کو سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا ۔ ’ عالمی یوم آب ‘ کے موقع پر آج اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ عوامی تعاون کے ذریعہ عوام میں بیداری پیدا کر کے پانی کے مسئلہ کی یکسوئی کرنے کے مقصد سے ہر کسی کو آگے بڑھنا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق میں پانی کے کسی بھی امکانی مسئلہ سے نمٹنے کے لیے ہی سابقہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں ’ نیرو ۔ میرو ‘ ( آب و آپ) پروگرام کو روبہ عمل لایا گیا تھا اور اس پروگرام کی عمل آوری پر زبردست مثبت ردعمل حاصل ہوا تھا لیکن اب ریاست کی تقسیم کے بعد آندھرا پردیش میں نیرو ۔ میرو پروگرام کے نام کو تبدیل کر کے ’ نیرو ۔ پرگتی ‘ ( آب و ترقی ) کے نام سے گذشتہ چار سال سے عوام میں نیا شعور پیدا کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’ نیرو ۔ پرگتی ‘ پروگرام کے ذریعہ شاندار نتائج حاصل ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ عرصہ کے دوران گواوری ندی میں پانی کا بہاؤ رہنے کے باوجود ندی سے متصل رہنے والے افراد ندی کے اس پانی سے استفادہ نہیں کرسکے اور اس کے ساتھ ساتھ خشک سالی کے حالات پیدا ہونے کے باعث کئی اموات کے واقعات پیش آئے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ممتاز انجینئر مسٹر کائن بہت زیادہ متاثر ہوئے تھے اور فوری طور پر گوداوری ندی پر دھولیشورم کے پاس بیاریج تعمیر کرنے کا منصوبہ بناکر اس بیاریج کی تعمیر کو عملی جامہ پہنایا تھا اور اس طرح مسٹر کائن نے ایک غیر معمولی نوعیت کا عظیم کارنامہ انجام دے کر آج بھی وہ گوداوری ڈیلٹائی علاقہ میں پائے جانے والے کسانوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے بس گئے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مزید کہا کہ ریاست میں برسر اقتدار تلگو دیشم حکومت بھی پولاورم پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے ذریعہ آندھرا پردیش کے پانچ کروڑ عوام کو خوشحال بنانے کے لیے کوشاں ہیں ۔۔